قومی وطن پارٹی دوبارہ خیبر پی کے حکومت میں شامل‘ 2 وزراء نے حلف اٹھا لیا
پشاور(بیورورپورٹ)طویل مشاورت کے بعد بالآخر قومی وطن پارٹی دوبارہ خیبر پی کے حکومت میں شامل ہوگئی۔ کیو ڈبلیو پی کے دو وزیروں اور دو معاونین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیاحلف برداری کی تقریب منگل کے روزگورنر ہائوس پشاور میں منعقدہوئی گورنر سردار مہتاب احمد خان نے نئے وزراء سکندر حیات خان شیر پائو، انیسہ زیب طاہر خیلی، معاونین کریم خان اور ارشد عمرزئی سے حلف لیا تقریب میں وزیراعلی خیبر پی کے پرویزخٹک، سینئر وزراء عنایت اللہ خان ،شہرام خان ترا کئی،کابینہ کے دیگر ارکان، مشیر،معاونین خصوصی، چیئر مین قومی وطن پارٹی آفتاب احمدخان شیرپاؤ ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخواامجدعلی خان سمیت اعلیٰ سول حکام و سیاسی راہنما بھی موجودتھے ذرائع کے مطابق سکندر حیات خان شیرپائو کو محکمہ داخلہ اور آب پاشی کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے جبکہ انیسہ زیب طاہر خیلی کو معدنیات اور افرادی قوت کی وزارت تفویض کی جائے گی وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کریم خان کو صنعت اور ارشد عمر زئی کو فنی تعلیم کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے دو نئے وزراء کی شمولیت سے خیبر پی کے کابینہ کے ارکان کی تعداد 15 ہوگئی ہے تاہم پی ٹی آئی کے وزیراطلاعات مشتاق غنی سے قلمدان واپس لیا جارہا ہے۔