مسلم لیگ (ن) نے جس طرح لاہور کی خدمت کی ہے وہ دوسروں کیلئے مثال ہے: پرویز ملک
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جس طرح لاہور کے شہریوں کی خدمت کی ہے وہ دیگر صوبائی حکومتوں کے لئے قابل رشک مثال بن چکی ہے اب ہمارے بلدیاتی امیدوار کامیاب ہو کر اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 218 میں چیئرمین کے امیدوار مہر شبیر میرو، وائس چیئرمین کے امیدوار خواجہ سعد فرخ کے خیبر بلاک دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہر شبیر میرو اور خواجہ سعد فرخ نے اپنے علاقوں میں جس جانفشانی سے عوامی مسائل حل کروائے وہ لوگوں کے لئے ایک مثال ہے۔ تقریب میں کونسلروں میاں زاہد وریاہ، نعیم، وقاص بٹ، عمر راجپوت، قاضی محسن، حیدر علی جٹ سمیت خواتین رہنماؤں مسز ملک، نورین افضال، تنویر چودھری، شہناز مغل، غزالہ نصرت بیگ نے بھی شرکت کی۔