• news

گجرات کے فسادات میں 3 برطانوی مسلمانوں کا قتل‘ لندن پولیس نے مودی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا

لندن (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف گجرات کے فسادات میں تین برطانوی شہریوں کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ برطانوی شہری طارق محمود کی درخواست پر لوشم پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ کیس کی تحقیقات ڈپلومیٹک پولیس کرے گی۔ یہ تینوں برطانوی شہری 2002ء میں مسلم کش فسادات کے دوران وہاں موجود تھے جنہیں ہندو انتہاپسندوں نے انہیں مسلمان شناخت کرکے قتل کیا تھا۔ اس واقعہ میں تینوں برطانوی شہری سعید، شکیل، محمد اسود ان کا کار ڈرائیور یوسف زندہ جلا دئیے گئے تھے۔ برطانوی شہری گجرات کے قصبہ پراتیج (ضلع سابر کنٹھا) میں ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے نریندر مودی پر 2002ء کے دوران گجرات میں مذہبی فسادات کو ہوا دینے کا الزام ہے جس میں ایک ہزار سے زائد مسلمان شہید کر دئیے گئے تھے۔ پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ برطانیہ کے طارق محمود نے پولیس کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ 2002ء کے گجرات فسادات کے الزام میں بھارتی وزیراعظم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن