سانحہ ماڈل ٹائون: ورثاء کی تائید سے نئی جے آئی ٹی بنائی جائے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے اصل قاتل آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں، شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے خلاف فرد جرم انصاف اور انسانیت کا خون اور حکومت کی ایک اور دہشت گردی ہے۔ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حقائق جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں بننے والے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ میں زیر زبر کے ساتھ موجود ہیں اور یہ رپورٹ قاتل حکمران چھپا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ مسلسل شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو خریدنے اور انہیں ہراساں کرکے کیس سے منحرف کرنے کے لئے اختیار کئے گئے ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد حکمرانوں نے جے آئی ٹی اور اپنے ماتحت کام کرنے والی عدالتوں کا سہارا لیا ہے لیکن یہ تمام سہارے انہیں پھانسی کے پھندوں تک جانے سے نہیں روک سکیں گے۔ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کو شائع کیا جائے۔ شہداء کے ورثاء کی تائید سے نئی جے آئی ٹی بنائی جائے۔ وہ جے آئی ٹی جو بھی تفتیشی رپورٹ دے گی، اسے قبول کرینگے۔