عمر رکاوٹ نہیں ‘پاکستان کو مصباح کی ضرورت ہے:وقار یونس
لاہور( نمائندہ سپورٹس )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ عمر کپتان مصباح الحق کے لیے رکاوٹ نہیں بنی بلکہ 41 سال کی عمر میں بھی وہ انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ مصباح الحق جس عمدگی سے اس وقت بیٹنگ کررہے ہیں پاکستان کو اب بھی ان کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ عمر مصباح کے آڑے آرہی ہے بلکہ جوں جوں وہ کھیلتے جا رہے ہیں ان کی کارکردگی میں مزید نکھار آتا جارہا ہے۔ یہی بات یونس خان پر بھی صادق آتی ہے۔ عصر حاضر کے بیٹسمینوں میں مصباح الحق کی عمر سب سے زیادہ ہے اس لحاظ سے دیکھا جائے تو وہ جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔اس سے ان کے کھیل سے جنون کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔وقار یونس سے جب پوچھا گیا کہ آخری اوور میں اچانک جارحانہ انداز اختیار کر کے مصباح الحق کا سنچری مکمل کرنا کیا حکمت عملی کا حصہ تھا تو انھوں نے کہا کہ مصباح الحق کے ذہن میں سنچری نہیں تھی۔یہ مصباح کا انداز ہے کہ چائے کے وقفے سے پہلے کے آخری اوورز ہوں یا کھیل ختم ہونے سے قبل آخری اوورز میں وہ جارحانہ بیٹنگ کرنے لگ جاتے ہیں جس کا مقصد یہ ہوتاہے کہ اس سے پہلے کہ باﺅلر آپ پر حاوی ہو آپ اس پر حاوی ہوجائیں جس کے نتیجے میں آپ کو رنز بھی مل جاتے ہیں۔دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے لیے اچھا رہا۔تین وکٹیں جلد گرجانے کے بعد دو اچھی شراکتیں ہوئیں اور خاص طور پر مصباح الحق نے صورتحال کو اچھی طرح ہینڈل کیا۔