دبئی ٹیسٹ : مصباح الحق کی سنچری‘ پاکستان کے چار وکٹوں پر 282 رنز
لاہور( نمائندہ سپورٹس )متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میںکپتان مصباح الحق کی شاندار سنچری کی بدولت پہلے دن کھیل کے اختتام پرپاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے تھے۔دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کپتان مصباح الحق102 اور اسد شفیق 46رنز بناکرموجود ہیں۔مصباح نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی نویں سنچری مکمل کی ہے۔ان دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 104رنز کی شراکت ہوئی ہے۔پاکستان کے آو¿ٹ ہونے والے آخری بلے باز یونس خان تھے جنھوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری تو بنائی لیکن ایک غیر ضروری شاٹ کھیل کر56رنز بناکر وڈ کو وکٹ دے بیٹھے۔یونس کے علاوہ پہلے ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے اوپنر شان مسعود بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے اور 54 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے شعیب ملک پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے بعد اس میچ میں بھی ناکام رہے اور صرف دو رنز بنا کر کیچ آو¿ٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ سٹوکس نے حاصل کی۔ان کے علاوہ محمد حفیظ کی وکٹ معین علی نے لی جنھوں نے 19 رنز بنائے۔پاکستان کے نقط نظر سے اہم بات یہ ہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ فٹ ہونے کے بعد یہ ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ ان کی ٹیم میں واپسی راحت علی کی جگہ ہوئی ہے۔پاکستانی ٹیم کو ایک بار پھر قابل اعتماد بیٹسمین اظہرعلی کی خدمات حاصل نہیں جو اپنی ساس کے انتقال کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ابوظہبی میں ڈرا ہوگیا تھا۔پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں چار جیتے ہیں دو میں اسے شکست ہوئی ہے اور دو ڈرا ہوئے ہیں۔پاکستان کی ان چار فتوحات میں دو انگلینڈ کے خلاف ہیں۔2012 کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے دس وکٹ اور تیسرے ٹیسٹ میں 71 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔