سنٹرل جیل بہاولپور میں قتل کے 2 مجرموں کو 27 اکتوبر کو پھانسی دی جائیگی، سیالکوٹ میں ایک کی دوسری بار روک دی گئی
بہاول پور + سیالکوٹ (نامہ نگاران) سنٹرل جیل بہاولپور میں مقدمہ قتل میں ملوث 2 مجرموں کو 27 اکتوبر کو پھانسی ہو گی جبکہ سیالکوٹ میں ایک مجرم کی پھانسی دوسری بار روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں سپرنٹنڈنٹ جیل کی طرف سے جاری کردہ لیٹر کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر نے تھانہ مسافر خانہ میں درج مقدمہ قتل میں سزائے موت کے مجرم اعظم اور تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ قتل میں سزائے موت کے مجرم خادم حسین کی سزا پر عملدرآمد کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سیالکوٹ میں ایک وارث سے راضی نامہ ہونے پر دوہرے مقدمہ قتل کے مجرم شاھد ندیم کی پھانسی دوسری بار روک دی گئی، ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں گزشتہ روز 22اکتوبر کو تھانہ کوٹلی لوہاراں کے دوہرے مقدمہ قتل کے مجرم شاہد ندیم کو پھانسی دی جانی تھی، واضح رہے مجرم شاہد ندیم کو پہلے 13اکتوبر کو پھانسی دی جانی تھی جو ایک وارث کے ساتھ راضی نامہ ہو جانے پر ملتوی کر دی گئی تھی وارثان کی انکار پر 22 اکتوبر کو پھانسی دینے کی تاریخ رکھی گئی تھی جو دوبارہ روک دی گئی۔