صوابی: فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید: کرم ایجنسی: ماتمی جلوس پر حملے کی کوشش ناکام
صوابی+ کرم ایجنسی+ مستونگ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ بی بی سی اردو) امن چوک صوابی میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے تباہی کا منصوبہ ناکام بنا کرخود کش حملہ آور کوگرفتارکر لیا گیا۔ گزشتہ روز کرم ایجنسی میں خود کش حملہ آور نے محرم الحرام جلوس میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی حملہ آور نے خودکش حملے کی کو شش بھی کی جسے فورسز نے ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق خود کش حملہ آور کا ٹارگٹ ماتمی جلوس تھا۔ ادھر بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک ہندو تاجر کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ ہندو تاجر ساجن داس ایک گاڑی سے قلات سے کوئٹہ جا رہا تھا کہ مستونگ کے علاقے لکپاس میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو روکا اور اسے اغوا کرکے ساتھ لے گئے تاجر قلات کا رہائشی تھا۔ علاوہ ازیں صوابی کی امن چوک میں دو نامعلوم دہشت گردوں نے نماز جمعہ کے بعد ڈیوٹی پر تعینات دو ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے شہیدکر دیا۔ ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار ارشد اور گوہر زمان ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ نماز جمعہ کے بعد 2 موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر دم توڑ گئے۔ شہدا کی نماز جنازہ نماز عصر کے بعد پولیس لائن شاہ منصور میں ادا کی گئی۔