جنوبی پنجاب میں زلزلے کے جھٹکے، ایک شخص جاںبحق، ایک زخمی
ملتان + داجل (آن لائن + نامہ نگاران) جنوبی پنجاب کے کئی شہروں ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاول پور سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ سے دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ داجل میں زلزلے کے باعث ایک شخص جاںبحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان، مظفر گڑھ، وہاڑی، بہاول پور، رحیم یارخان، ڈی جی خان، راجن پور، جام پور، بہاولپور اور چنیوٹ سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ صبح پانچ بج کر 27منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلے سے گھروں کی دیواروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز فورٹ منرو سے جنوب مشرق کی طرف تھا۔بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق بہاول پوراورگردونواح میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ شہری کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔داجل سے نامہ نگار کے مطابق داجل میں زلزلے کے شدید جھٹکے کے باعث ایک شخص عبدالحکیم دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گیا۔ کئی مکانات میں دراڑیں پڑ گئیں شہری کلمہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ عبدالحکیم دل کا مریض بتایا گیا ہے وہ زلزلہ کے شدید جھٹکے برداشت نہ کر سکا اور چل بسا ایک چوکیدار غلام یاسین دیوار کی اینٹ سر میں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔