ملتان: شادی سے نکار پر لڑکی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی‘ مبینہ عاشق گرفتار
اڈا لاڑ + ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+اے ایف پی) لاڑ کے علاقے باقرپور میں گزشتہ رات 22 سالہ لڑکی سونیا کو لطیف نامی شخص نے مبینہ طور پر شادی سے انکار پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے تقریباََ 60فیصد تک جسم جھلس گیا جسے تشویشناک حالت میں ریسکیو 1122نے فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا۔واقعہ کے متعلق پولیس نے پہلے بیان دیا کہ لڑکی نے آگ خود لگائی تاہم بعد میں تھانہ بستی ملوک کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لطیف نامی شخص کو گرفتار کر کے مقد مہ درج کر لیا، ملزم لطیف نے بھی نوائے وقت کو اپنے بیان میں کہا ہے میں نے آگ نہیں لگائی سونیا نے خود لگائی ہے 24 سالہ ملزم لطیف نے کہا سونیا مجھ سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ گزشتہ رات بھی وہ مجھ سے ملنے آئی اور کہا چلو بھاگ چلیں لیکن میں نہ مانا اس پر اس نے اپنے اوپر تیل چھڑک کے خود کو آگ لگا لی۔ ملزم لطیف کے بھائی الطاف کا کہنا ہے ہم نے سونیا کے گھر والوں کو پہلے بھی کہا تھا کہ اپنی لڑکی سونیا کو سمجھا کر رکھیں پر انہوں نے کوئی توجہ نہ دی بلکہ سونیا نے میرے بھائی لطیف کی منگیتر کو بھی دھمکیاں دی کہ تم نے اگر شادی کی تو اچھا نہیں ہوگا جبکہ سونیا کے والد منیر احمد کا کہنا ہے کہ ملزم لطیف نے میری بچی سے زیادتی کی کوشش کی گئی اور ناکامی پر بعد میں اسے آگ لگا دی۔ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے لڑکی کو آگ لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔