شکرگڑھ: بھوپال پور سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ‘ امام مسجد زخمی
شکر گڑھ +چک امرو (نامہ نگاران) شکر گڑھ ورکنگ بائونڈری کے بھوپال پور سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی۔ دیہی آبادی کو بھی نشانہ بنایا جس میں امام مسجد زخمی ہو گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے جمعہ کو پانچ بجے کے قریب شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ بائونڈری پر بھوپال پور چیک پوسٹ کے علاقہ میں فائرنگ شروع کر دی جس سے نماز جمعہ پڑھانے کیلئے آیا نواحی سرحدی گائوں اگور کا رہائشی امام مسجد حافظ اشتیاق زخمی ہو گیا۔ رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فورسز کو بھاری نقصان پہنچایا۔ فائرنگ کا سلسلہ تقریباً دو گھنٹے جاری رہا۔ بھرپور پاکستانی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق بی ایس ایف نے نماز مغرب کے وقت بھوپال پور میں شہری آبادی پر گولے برسائے۔ فائرنگ سے پانچ مویشی ہلاک متعدد زخمی بھی ہوئے۔ بھارتی فائرنگ کے بعد دیہاتیوں نے نقل مکانی شروع کردی۔ بچوں اور خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔