ٹیکس فراڈ : فٹبالر لیونل میسی کیخلاف مقدمہ درج ‘ ساڑھے22ماہ جیل کی سفارش
بارسلونا(سپورٹس ڈیسک ) بارسلونا فٹ بال کلب کے کھلاڑی لیونیل میسی کو سپین کے محکمہ ٹیکس کے ساتھ فراڈ کرنے کے جرم میں ساڑھے 22 ماہ کی جیل کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔ یہ مطالبہ محکمہ ٹیکس کے سرکاری وکیل نے بارسلونا کے نواحی گاﺅں گابا کی عدالت میں کیا۔وکیل کے مطابق 2007 ءسے 2009 ئکے درمیان میسی نے 3 مختلف مواقع پراپنے بصری حقوق کی فروخت کے حوالے سے حاصل ہونے والی 41 لاکھ یورو کی آمدنی سے محکمہ ٹیکس سپین کو بے خبر رکھا، جبکہ میسی کو یہ رقوم یوروگوائے اور ”بے لیسے“ جیسے مالیاتی جنت کے طور پر مشہور ممالک کے بینکوں کے ذریعے ادا کی گئیں۔وکیل استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ میسی کے تمام مالیاتی معاملات، اس کے والد دیکھتے ہیں۔ اس لئے میسی کی بجائے، صرف اس کے والد کو 18ماہ جیل کی سزا دی جائے، گابا کی عدالت نے تمام فریقین کا موقف سننے کے بعد میسی اور اس کے والد دونوں پر مقدمہ قائم کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔یاد رہے کہ میسی ان دنوں اَن فٹ ہیں اور 2 ماہ کیلئے میدان سے باہر ہیں اور اگر ان کو 22 ماہ کی سزا ہوتی ہے تو اس کے بعد آیا ان کی پرفارمنس اسی طرح برقرار رہے گی اور اس عرصے میں ان کے ان معاہدوں کا کیا بنے گا جو انہوں نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ کر رکھے ہیں اور کروڑوں ڈالر کی مد میں ہیں۔ان کے کیریئر کا کیا بنے گا اور بارسلونا فٹ بال کی ساکھ کتنی خراب ہو گی جس سے دنیا کے مشہور بارسا کلب کو کتنا نقصان ہو گا اور دوران مقدمہ کیا میسی اپنی پرفارمنس برقرار رکھ پائیں گے، ان سب کے جوابات آنے والا وقت ہی دے گا۔فی الحال سپین میں میسی کا مقدمہ شہ سرخیوں کا مرکز بن چکا ہے، بارسلونا کلب کے حامی اور مخالف کلبوں کے حامی اور تجزیہ نگاراس حوالے سے اپنے تجربات بتا رہے ہیں۔