• news

دورہ بھارت : شہریار نے اصل بات چھپائی‘ نجم سیٹھی کے چیئرمین پی سی بی سے اختلافات سامنے آ گئے

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو اعلیٰ ترین عہدیداروں شہریار خان اور نجم سیٹھی کے درمیان ’اختلافات‘ سامنے آئے ہیں۔نجم سیٹھی نے شہریار خان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کے حالیہ دورہ بھارت کے موقع پر شیو سینا کے حملے کے بعد بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا اور نہ ہی کوئی خبرگیری کی تھی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ شہریارخان نے اصل بات چھپائی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ششانک منوہر اپنا تمام تر رابطہ اپنی بیگم کے ذریعے کر رہے تھے۔ششانک منوہر اور شہریار خان کی بیگمات ایک ہی کمرے میں تھیں اور ششانک منوہر سارے پیغامات اپنی بیگم کے ذریعے پہنچا رہے تھے اور ہم لوگ ہر مرحلے پر آگاہ تھے کہ کیا ہو رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کے بارے میں ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا میڈیا میں آ کر اس طرح بیان دے دینا یہ ظاہر کرتا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات ایک دھارے پر نہیں چل رہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات اس طرح سامنے آئے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل شہریار خان نے پاکستان سپر لیگ کے بارے میں بیان دیا تھا جس پر نجم سیٹھی نے سخت ناراضی ظاہر کی تھی اور شہریار خان کو اپنے بیان کی وضاحت کرنی پڑگئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن