حکمران جتنے مرضی کیس بنا لیں گھبرانے والا نہیں‘ سامنا کرونگا: یوسف رضا گیلانی
ملتان(نمائندہ نوائے وقت)سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم امریکہ کے اتحادی ہیں لیکن سول نیو کلیئر پروگرام کے حوالے سے امریکہ کا جو رویہ بھارت کے ساتھ ہے وہی پاکستان کے ساتھ ہونا چاہیے۔ بلدیاتی الیکشن میں ہمارے کارکن حصہ لے رہے ہیں میں مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔ گھبرانے والا نہیں حکمران جتنے مرضی کیس بنا لیں۔ آصف زرداری علاج کے لیے بیرون ملک موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ملتان آمد پر میڈیا سے بات چیت کرتے کیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہمارا سول نیو کلیئر پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے توقع ہے وزیر اعظم اس اہم ایشو پر امریکہ سمیت ہر فورم پر بات کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کی جنونیت عروج پر ہے لیکن کشمیر ہمارا کور ایشو ہے جس سے ہم کبھی بھی الگ نہیں ہوسکتے یوسف رضا گیلانی آج عاشورہ محرم کے جلوسوں میں شرکت کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے اپنے بھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی کی قبر پر حاضری دینگے اور فاتحہ خوانی کرینگے۔