مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں مضمر ہے : صدر ممنون
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی 70ویں سالگرہ منانے میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہے، یہ ہمہ گیریت اور عصر حاضر کے عالمی چیلنجزکو موثر انداز میں حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ پر اعتماد کے اعادہ کا موقع ہے، اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے میں پاکستان کا ایک مضبوط کردار ہے،پاکستان کو یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدرمملکت نے کہاکہ گھمبیر تنازعات کے حل اور غاصبانہ اور غیرملکی تسلط کا شکار عوام کو حق خود ارادیت دلانے میں اقوام متحدہ کا ایک کلیدی کردار ہے، پاکستان کو یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کا واحد حل اقوام متحدہ کی اس سے متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد میں مضمر ہے اور خطے میں پائیدار امن اور ترقی کیلئے یہ حل ناگزیر ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے قیام امن دستوں میں سب سے زیادہ فوج بھیجنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں میں شرکت کرکے بنیادی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی قیام امن دستوں نے انتہائی مشکل ترین حالات میں منفرد اور پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری کیں تاکہ دنیا بھر کے شورش زدہ متاثرہ لاکھوں لوگوں کی مدد کی جاسکے اور امن قائم کرکے ان کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔ اس دوران142 بہادر پاک فوج کے جوانوں نے اقوام متحدہ کے بینر کے سائے میں جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ترقی اور موسمی تغیر جیسی اہم ترجیحات کو عالمی سطح پر موثر طور پر اجاگر کرنے کیلئے بھی ایک مثالی فورم ہے۔ اس تناظر میں 2015 کے بعد کا ترقیاتی ایجنڈا اور پائیدار ترقی کے مقاصد کو برقرار کھنے کے حالیہ اہداف دنیا بھر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی اور بہتری کیلئے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اقوام متحدہ کے اصولوں اور مقاصد کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ بین الاقوامی برادری کو اقوام متحدہ کے مقاصد کی تکمیل کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے۔علاوہ ازیں اسلام آباد سے صباح نیوز کے مطابق صدر ممنون حسین نے کہا ہے پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل پر یقین رکھتا ہے۔ خطے میں دیرپا امن اور ترقی کے لئے اس مسئلے کا حل ضروری ہے۔ یاد رہے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے دوران بھی دیگر ا±مور کے علاوہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے کشمیر کے مسئلے کے حل پر زور دیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا پاکستان خطے میں امن کے لیے کشمیر کے مسئلے کا جلد حل چاہتا ہے۔
صدر ممنون