• news

شیخ رشید کی کینیڈا میں طاہر القادری سے ملاقات، حکومت کیخلاف تحریک پر مشاورت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے گذشتہ روز کینیڈا ٹورنٹو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہاکہ کاروبار اور سیاست ایک ساتھ چلانے والے حکمرانوں نے ملک تباہ کر دیا، موجودہ جمہوریت صرف لٹیروں کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے اس لئے کاروباری حکمران اسے ہر حال میں قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ ظالم نظام کی تبدیلی کیلئے آج نہیں تو کل قوم کو مل کر سڑکوں پر آنا پڑے گا۔ دھرنے نے ظالم نظام کی بنیادیں ہلا دیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو ایک عوامی دھکے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران امریکی حکام نے یہ کہہ کر اس دورے کی ناکامی کا اعلان کر دیا کہ پاکستان اپنے مسائل خود حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی بھی اب فوج سے براہ راست بات چیت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دورہ امریکہ کی نہیں دورہ لندن کی تیاری کر کے آئے جہاں حکمران خاندان کا وسیع کاروبار ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں ظلم ہوا اور اس ظلم کی انتہا یہ ہے کہ قاتل حکمرانوں کے ایماء پر شہداء کے ورثاء پر فرد جرم عائد کر دی گئی مگر حکمرانوں کو یہ خون ہضم نہیں ہو گا۔ آن لائن کے مطابق شیخ رشید احمد نے ٹورنٹو میں طاہر القادری سے ملاقات کے دوران حکومت کے خلاف نئی عوامی تحریک کے لئے مشاورت کی اور انہیں جلد وطن واپسی کا مشورہ دیا۔ تحریک کے سلسلے میں تحریک انصاف، (ق) لیگ، سنی اتحادکونسل سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جائے گی اگلے مہینے نومبر میں نئی احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب لانا ایک دو سیاسی جماعتوں کے بس میں نہیں اس کے لئے پوری قوم کو اٹھنا ہو گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کی طاہر القادری سے ملاقات پاکستان کے حالات کے بارے میں تھی۔

ای پیپر-دی نیشن