اسرائیلی شہری پیرا گلائیڈز کے ذریعے شام پہنچ گیا، وزیراعظم نیتن یاہو نے شہریت منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی
یروشلم (بی بی سی) اسرائیلی حکام کا کہنا ہے ایک عرب اسرائیلی شہری جان بوجھ کر پیرا گلائیڈر کے ذریعے شام کی سرحد کے اندر اترا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے یہ شخص ایک شامی باغی گروہ میں شمولیت کی نیت سے شام گیا ہے۔ ملک کے وزیرِاعظم نیتن یاہو نے اس شخص کی شہریت منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کی شب اسرائیلی افواج سرحدی علاقے میں کسی کارروائی میں مصروف تھی جس کے دوران طیاروں سے روشنی کے گولے بھی علاقے میں گرائے گئے۔ واضح رہے شام میں جاری خانہ جنگی میں بظاہر اسرائیل کسی فریق کی حمایت نہیں کر رہا ہے۔ اسرائیل نے اپنے شہریوں پر شام جانے کی پابندی لگائی ہوئی ہے لیکن خیال کیا جاتا ہے چند عرب اسرائیلی صدر اسد کی افواج کے خلاف لڑنے والے باغی گروہ میں شامل ہیں۔ پیرا گلائیڈر کے ذریعے شام پہنچنے والے شخص کے بارے میں کہا جا رہا ہے اس کا تعلق اسرائیل کے ایک مسلم اکثریت والے قصبے جل جولیا سے ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی افواج کا کہنا ہے گولان کی پہاڑیوں کے قریب اترنے والے اس شخص کو تمام تر کو ششوں کی باوجود تلاش نہیں کیا جا سکا۔