وزیراعظم نے امدادی کاموں کیلئے خصوصی فنڈ جاری کر دیا : پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے امدادی کاموں کیلئے خصوصی فنڈ جاری کر دیا ہے۔ امدادی کام تین مراحل میں کیا جائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف وطن کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے بھی بیرون ملک دورے سے آج واپس آ جائیں گے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے سب سے پہلے مرحلے میں جانیں بچانے کا عمل جاری ہے۔ دوسرے مرحلے میں بے گھر افراد کے لئے عارضی رہائش کے انتظام کی تیاری جاری ہے تیسرے مرحلے میں روڈ نیٹ ورک اور متاثرہ عمارتوں کی بحالی پر توجہ دی جائے گی۔ آفٹر شاکس آنے یا نہ آنے کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے بھائیوں کی مدد پاکستان کے وسائل سے کریں گے۔ قراقرم ہائی وے کو 3 جگہ سے نقصان پہنچا۔ لواری ٹنل متاثر نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں ایک ریڈیو پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے امریکہ کے حالیہ دورے کے دوران صدر اوباما سے پاکستان کی دلچسپی کے تمام معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی ہے۔ امریکہ میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے موقف کو بڑی اہمیت دی گئی۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ افغانستان میں استحکام اور جمہوری حکومت کا تسلسل پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔
پرویزرشید