جنوبی وزیرستان: افغانستان سے چیک پوسٹ پر فائرنگ،7 ایف سی اہلکار شہید
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) افغانستان سے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر کی گئی فائرنگ سے ایف سی کے سات اہلکار شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ افغان سرحد کے قریب انگور اڈا کے مقام پر واقع ایک ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں افغان سرحد سے پاکستان پر حملے کئے جاتے رہے ہیں لیکن یہ اپنی نوعیت کا سب سے سنگین واقعہ ہے جس میں تاک کر ایک چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے 2009 میں آپریشن راہ نجات کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل بھی افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردوں کی جانب سے کارروائیوں کی کوششیں کی جاتی رہیں تاہم پاکستانی فورسز نے انہیں ناکام بنا دیا۔ اے پی پی کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایف سی کی چوکی پر فائرنگ کی گئی۔ آئی این پی کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے فائرنگ کے نتیجے میں کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حملہ آور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے جنہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بنایا فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جا ری رہا، حملہ آوروں کو روکنے کیلئے بھرپور جوابی کارروائی بھی کی گئی۔آن لائن کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے منگل کی علی الصبح5 بجے حملہ کیا گیا زخمی اہلکاروں کو پشاور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان افغان کراسنگ پوائنٹ سے ملحقہ علاقوں کی سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، رپورٹ کے مطابق افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جس میں بھاری اور جدید قسم کے ہتھیار استعمال کئے۔ واضح رہے رواں سال یکم جولائی کو بھی افغان حدود سے انگور اڈا کے مقام پر پاکستانی حدود میں فائرنگ کی گئی اور راکٹ حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شدید زخمی ہوگئے تھے۔این این آئی کے مطابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیم زئی میں دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، حملے میں ایک لیویز اہلکار شہید ہو گیا۔ رات گئے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔