گیتا بھارت اور پاکستان کی بیٹی ‘ اتحاد کی نشانی ہے: پرناب مکھرجی، ایک اور جوڑے کا والدین ہونے کا دعویٰ
نئی دہلی / لکھنؤ (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) پاکستان کی طرف سے بھارت کے حوالے کی گئی لڑکی گیتا نے گزشتہ روز بھارتی صدر پرناب مکھرجی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پرناب مکھر جی نے کہا کہ گیتا بھارت اور پاکستان کی بیٹی اور اتحاد کی نشانی ہے۔ گیتا کے ساتھ بلقیس ایدھی بھی موجود تھی۔ دوسری جانب بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع پرتاب گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے بھی گیتا کے والدین ہونے کا دعویٰ کر دیا۔ مہیش گنج نامی علاقے کے رہائشی رام راج گوتم اور اس کی بیوی انارہ دیوی نے الہ آباد کے ڈویژنل کمشنر راجن شکلا سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ اپنی گمشدہ بیٹی کو واپس پانے کیلئے تمام ٹیسٹ کرانے اور ہر قسم کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کا اصل نام سویتا ہے۔ جوڑے نے اس موقع پر سویتا کی بچپن کی تصاویر بھی دکھائیں۔