مقبو ضہ کشمیر :500سا لہ قد یم قلعہ بھیم گڑھ بھی زلز لے سے شد ید متاثر
سرینگر(آ ئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں زلزلے سے تاریخی قلعہ بھیم گڑھ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔بھا رتی میڈ یا کے مطابق تاریخی بھیم گڑھ قلعہ بھی زلزلے کی شدت برداشت نہ کرسکا، قلعے کی مضبوط دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جبکہ بیرونی فصیل کو شدید نقصان پہنچا۔ زلزلے سے بھیم گڑھ قلعے کی ایک دیوار بھی گر گئی ہے، یہ دیوار قلعے کے دو بڑے میناروں کو جوڑ رہی تھی۔کشمیر کے شمال مغرب میں واقعے یہ قلعہ 500 سال قبل میں مہاراجہ رشی پال رانا کے بیٹوں نے خالص مٹی اور گارے سے تعمیر کیا تھا۔یہ قلعہ پہاڑ پر 150 میٹر (500 فٹ) کی بلندی پر بنایا گیا تھا، کشمیر کے مہاراجہ اس قلعہ کو کسی ہنگامی صورتحال میں استعمال کیا کرتے تھے۔اس قلعے میں ایک مندر، تالاب، مختلف سائز کے کمرے بنائے گئے تھے جبکہ مہاراجہ کا خزانہ اور اسلحہ خانہ بھی اسی قلعہ میں ہوتا تھا۔انگریز دور حکومت میں اس قلعہ میں قائم اسلحہ خانہ تباہ کر دیا گیا تھا جبکہ خزانے کو یہاں سے جموں منتقل کر دیا گیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر توجہ نہ دی گئی تو اس طرح کی آفتیں قلعے کانام ونشان تک مٹا دیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ عدم توجہ سے آنے والی نسلیں یہ خوبصورت عمارت نہیں دیکھ سکیں گی۔