خیبر پی کے میں زلزلہ متاثرین کے علاج کیلئے ٹیمیں تشکیل‘ سوات پہنچ گئیں‘ مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں: سلمان رفیق
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر زلزلہ زدگان کے علاج معالجہ کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک منگل کی سہ پہر سوات چلے گئے اور محکمہ صحت پنجاب نے زلزلہ متاثرین کیلئے نوازشریف کڈنی ہسپتال سوات میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیا ہے۔ 38 رکنی میڈیکل ٹیم بھی سوات پہنچ گئی ہے۔ دریں اثنا مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت منگل کی صبح سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پی کے میں زلزلہ متاثرین کے علاج معالجہ کیلئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور ان ٹیموں کو فوری طورپر سوات روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد اذاں ٹیمیں رات گئے سوات پہنچ گئیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کی حکومت اور عوام کے پی کے کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔