زلزلہ متاثرین کی ہرممکن مدد کرینگے: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ملک میں آنے والی قدرتی آفت سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستان نیوی اولین ترجیح کے طور پر متاثرین زلزلہ کو ہرممکن امداد فراہم کرے اور ان کی آبادکاری میں مدد کرے۔ متاثرین زلزلہ کی امداد کیلئے کئے جانے والے امدادی آپریشنز کی نگرانی کیلئے نیول ہیڈکوارٹرز میں کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ خیبر پی کے کے دور دراز علاقوں میں میڈیکل ٹیموں کی رسائی اور متاثرین میں امدادی اشیاء کی تقسیم کیلئے سوات میں فارورڈ ریلیف ریسپانس سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ایمبولینسز، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل میڈیکل ٹیمیں ضروری ادویات کے ہمراہ سوات روانہ کر دی گئی ہیں۔ متاثرین زلزلہ کیلئے کراچی میں اکٹھے ہونے والے امدادی سامان کو پاکستان نیوی ائرکرافٹ کے ذریعے اسلام آباد لایا جائے گا۔