رواں برس بھارت نے 400 بار سیزفائر کی خلاف ورزی کی: قومی اسمبلی کمیٹی کو بریفنگ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا ہے کہ بھارت رواں سال 400 بار کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ 36 سویلین شہید اور 122 زخمی ہوئے‘ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور عالمی برادری کو بار بار باور کروایا جا رہا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت کررہا ہے۔ بھارت کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کو بھارت کی عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی اس بات کا ثبوت دیتی ہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ کسی بھی جگہ پر بغیر کسی شرائط کے مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔ گیتا کو انسانیت کی خاطر بھارت کے حوالے کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین اویس لغاری الیکشن کمیشن میں اثاثے جمع نہ کروانے کے باعث معطل ہونے کی وجہ سے کمیٹی میں بطور مہمان شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سارک نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر رواں سال چار سو بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔ بھارت کی اس خلاف ورزی کو پاکستان نے کئی بار عالمی برادری کے نوٹس میں لایا ہے اس ضمن میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی ایڈوائزر کو کئی بار خط لکھ چکے ہیں۔ دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کی بار بار طلبی کی جاتی رہی ہے اور پاکستان کے شدید تحفظات سے بھارت کو آگاہ بھی کیا جاتا ہے۔ خارجہ پالیسی کے پیش نظر پاکستان نے ہمیشہ پڑوسیوں کے ساتھ رواداری کا ثبوت دیا ہے۔ اوفا ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں متفقہ طو رپر بھارت نے یہ مانا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ مذاکرات میں سرفہرست ہوگا لیکن بھارت بار بار اپنے کئے گئے وعدے سے مکر جاتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور کنٹرول لائن پر آنے والی فائرنگ کا جواب بھی موثر اندازمیں دیتا ہے۔ پاکستان میں ’’را‘‘ کی مداخلت کے ثبوت پاکستان نے امریکہ اور اقوام متحدہ کو فراہم کئے ہیں۔ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کمیٹی کا ایک اجلاس آج بدھ کو ہو گا جس میں وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز شرکا اجلاس کو پاکستان بھارت تعلقات پر بریفنگ دیں گے۔