• news

اسرائیلی دہشت گردی جاری مزید 5 فلسطینی شہید: غزہ پر بمباری متعدد مکان تباہ

الخلیل (نوائے وقت رپورٹ+اے این این) اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے، مزید 5 فلسطینی شہید کر دئیے، 27 روز میں تعداد 63 ہو گئی۔ ادھر اسرائیلی حکام نے الزام لگایا ایک ہفتہ قبل بس پر حملے میں زخمی 26 سالہ ایجوکیٹر امریکی نژاد اسرائیلی رچرڈ لائف چل بسا۔ سعودی شہریوں نے مسجد اقصیٰ کے دفاع کیلئے ٹویٹر پر مہم شروع کر دی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز الخلیل شہر میں اسرائیلی فوجیوں نے دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 سالہ راکت ساکت عبدالرحیم، 20 سالہ سعد محمد یوسف الاطرش اور 19 سالہ ایاد روحی جرادات کو شہید کیا۔ بیت اللحم میں 2 نوجوانوں کو گولیاں ماری گئیں۔ ادھر غزہ کی پٹی کے جنوب اور وسط میں اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ رات بمباری کی تاہم آخری اطلاعات تک بمباری سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔ اطلاعات کے مطابق بمباری میں جنوبی غزہ میں رفاہ اور وسطی علاقے میں المغازی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیل کے ایف 16 طرز کے جنگی طیاروں نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مراکزکو نشانہ بنایا۔عینی شاہدین نے بتایا زور دار دھماکے کی آواز سنی اور وہاں سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے، متعدد مکانوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیارے اور ڈرون طیارے رات بھر غزہ کی فضا میں نچلی پروازوں کے ساتھ اڑانے بھرتے رہے، جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن