• news

سیالکوٹ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا امیدوار کونسلر قتل، کارکنوں کا مظاہرہ

سیالکوٹ + لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی تلوڑہ مغلاں کے سابق امیر و امیدوارکونسلر چوہدری طارق اسلام کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے اور ریلی نکالی۔ تفصیل کے مطابق یونین کونسل تلواڑہ مغلاں سے جماعت اسلامی کے جنرل کونسلر کے امیدوار طارق اسلام کو دونامعلوم ملزمان نے صبح سویرے فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول طارق اسلام اپنے بیٹے فہد اسلام کو مدرسہ چھوڑ کر موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے جنہیں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ میں قتل کیا۔ جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے ہسپتال کے باہر مقتول کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور نعرے بازی کی۔ بعدازاں کارکنوں نے ریلی نکالی جو شیخ مولاتالاب پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقررین کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرے۔ پولیس کی بھاری نفری مظاہرہ کے موقع پر موجود ہے۔ پولیس نے نامعلوم دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سیالکوٹ میں فائرنگ کے واقعہ میں جماعت اسلامی کے رکن طارق اسلام کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن