متاثرین کی امداد میں کوتاہی نہ برتی جائے عمران کا پرویز خٹک کو فون ‘آج لاہور آئیں گے
پشاور+لاہور (آن لائن+خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی امداد میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے‘ متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، تحریک انصاف کے کارکن صوبائی حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں دور دراز علاقوں تک بڑھائی جائیں۔ ادویات، خوراک اور اشیاء ضروری میں بھی کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹائیگرز نے ہر مشکل گھڑی میں بھرپور قومی خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ٹائیگرز سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں تک پہنچیں اور زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔ دریں اثناء عمران خان آج لاہور آئیں گے اور پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ عمران لاہور کے مختلف حلقوں کا دورہ بھی کریں گے۔