منی لانڈرنگ کیس، ماڈل ایان کی 25ویں بار پیشی، فرد جرم عائد نہ ہو سکی
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ماڈل گرل اےان علی کے خلاف 5 لاکھ ڈالر سے زےادہ رقم دوبئی سمگل کرنے کے کےس کی سماعت تےن نومبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران ملز مہ کے وکیل سردار لطیف خان کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہاہے کہ کسٹم کی جانب سے تیار کی گئی کیس کی مثل کے مطابق ان کی موکلہ پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوتاہے اسلئے فاضل عدالت سپر ماڈل کوباعزت بری کرے کسٹم کی خصوصی عدالت نے بدھ کواےان علی کیس کی سماعت شروع کی تو ماڈل گرل اپنی پرائیویٹ سکیورٹی کے حصار میں عدالت میں پیش ہوئیں تاہم ان کے اےک وکےل نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر وکیل سردار لطیف خان کھوسہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جس پر عدالت نے سماعت دن 11بجے تک ملتوی کر دی۔ جب سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے تو خصوصی عدالت نے دوبارہ سما عت کی۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری موکلہ کو چار ماہ جیل میں رکھا گیا ضمانت پر رہائی کے بعد بھی کئی ما ہ گذر گئے ہےں لےکن کسٹمزکچھ ثابت نہیں کرسکا جب کہ استغاثہ نے عدالت کا وقت ضائع کیا ہے۔ استغاثہ نے وقوعہ کا جو وقت ایف آئی آر میں درج کیا وہ 12بجکر 45منٹ ہے جبکہ اصل بات تو یہ ہے کہ اس وقت تو کوئی پرواز دوبئی جانے والی تھی ہی نہیں۔ میری موکلہ نے تو بورڈنگ کارڈ بھی حاصل نہیں کیا تھا ‘مذکورہ رقم 56800ڈالر اپنے بھائی کے حوالے کرنا تھی اور اسکے بعد دوبئی جانا تھا استغاثہ نے جو الزامات اور دفعات لگائی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ فاضل عدالت نے مزےد سماعت تین نومبر تک ملتوی کر تے ہوئے اےان علی کے سےنئر وکےل کو ہدائت کی کہ اگلی تاریخ پر وہ اپنے دلائل مکمل کرلیں تا کہ استغاثہ کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواست پر سماعت مکمل کی جاسکے۔ سپر ماڈل ایان علی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا ہر فیصلہ قابل احترام ہے، قبول کروں گی، مجھے اپنی عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔ امید ہے کہ جس طرح مےری ضمانت منظور ہوئی تھی اسی طرح میرے خلاف بنائے گئے بے بنیاد مقدمہ میں بھی سرخرو ہوں گی لیگل ٹیم نے میرا موقف عدالت کے سامنے پیش کیا ہے انہوں نے ےہ بات بدھ کو عدالت میں پیشی کے بعد احاطہ کچہری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کیس میں 25ویں بار عدالت میں پیش ہوئیں تاہم ان پر فردجرم عائد نہیں ہوسکی اور سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ ماڈل ایان خود جاکر وکیل لطیف کھوسہ کو سپریم کورٹ سے واپس لائیں۔
ماڈل ایان/ پیشی