امدادی پیکج کیلئے نصف رقم کی منظوری‘ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کا بوجھ ہلکا کردیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) 26اکتوبر2015 ءکے زلزلہ کی تباہ کاریوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو ملک میں ایک بار پھر سیاسی ماحول میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک ہی جست میں خیبر پختونخوا میں آنے والی ناگہانی آفت میں خیبر پختونخوا حکومت کو قریب تر کرلیا ہے۔ وزیراعظم نے خیبرپختوخوا پیکج کے لئے نصف رقم دینے کی منظوری دے کر صوبائی حکومت کا بوجھ ہلکا کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے پچھلے سوا دو سال کے دوران پنجاب حکومت کو کوئی فنڈز نہیں دئیے لیکن خیبرپختونخوا کے دورے کے دوران 100ارب روپے کی کمٹمنٹس کرکے خیبر پختونخوا کے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو قریب تر کرنے میں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جن کے صوبائی وزیراعلی سے قریبی تعلقات ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے تمام وزراءکو تحریک انصاف کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم آہنگی کا ماحول پیدا کیا جائے۔ عمران خان یا تحریک انصاف کی طرف سے کی جانے والی اشتعال انگریزی پر درگزر کیا جائے اگر تحریک انصاف نے زلزلہ کے حوالے سے سیاست بازی کی تو اس کا نوٹس لیا جائے۔
بوجھ ہلکا