• news

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ممبئی واقعہ پر پی سی بی سے معافی مانگ لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ممبئی میں پیش آنے والے واقعے کیخلاف پاکستان کرکٹ بورڈ سے معافی مانگ لی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے چیئرمین پی سی بی کو خط لکھا ہے کہ آپ مہمان تھے جو کچھ ہوا س پر افسوس ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ممبئی میں پیش آنے والے واقعے کیخلاف چیئرمین پی سی بی سے معذرت کر لی۔ خط میں لکھا ہے کہ حکومت کو سیریز کے لئے خط لکھا ہے۔ سیریز کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت ہی کرے گی۔ چیئرمین پی سی بی کو معذرت کے لئے لکھے گئے خط میں پاکستان بھارت سیریز پر آئندہ مذاکرات کو کوئی ذکر نہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سے 2016ء میں دورہ انگلینڈ تک ریٹائرمنٹ نہ لینے کی درخواست کی ہے جبکہ یونس خان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کی کوئی کلین چٹ نہیں دی ہے یہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کا اختیار ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں متوقع سیریز کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں تاہم امید پر دنیا قائم ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ میرے دورہ بھارت کے موقع پر ہونے والے واقعے پر معافی مانگے یا نہ مانگے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم نے آگے بڑھنا ہے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کامیابی کے لیے فیورٹ ہے، خوشی ہوگی کہ پاکستان ٹیم مہمان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی ابھی پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو ضرورت ہے انہیں درخواست کی گئی ہے کہ وہ اگلے سال انگلینڈ کے دورہ تک پاکستان ٹیم کی قیادت کرتے رہیں، انہوں نے فیصلہ پر نظرثانی کے لیے مہلت مانگی ہے۔ سابق کپتان یونس خان کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے میں نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو کسی قسم کی کلین چٹ نہیں دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن