شیخوپورہ میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کے دوسرے روز بھی مظاہرے
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) شہر اور اسکے نواحی علاقوں میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ جاری، مین بازار اور اس سے ملحقہ گلیوں سمیت درجنوں بستیوں میں سوئی گیس کی کئی کئی گھنٹے تک بندش کے خلاف دوسرے روز بھی شہریوں کے احتجاجی مظاہرے جاری رہے، محلہ رحمت کالونی میں سینکڑوں شہریوں نے سماجی کارکن عمر مصطفی کی زیر قیادت احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مین بازار اس سے ملحقہ گلیوں کے سینکڑوں مکینوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے سوئی گیس کے عملے کی ناقص کارکردگی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا ریجنل آفس میں قائم میٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کا وفاقی حکومت فوری طور پر معائنہ کروائے اور گیس کی کئی کئی گھنٹے بندش کے عذاب سے نجات دلائی جائے، مظاہرین نے الزام لگایا بعض فیکٹریوں میں ہر ماہ لاکھوں روپے کی سوئی گیس چوری ہو رہی ہے جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں، سوئی گیس ریجنل آفس کے ذرائع نے میٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری میں گڑ بڑ اور فیکٹریوں میں گیس چوری کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔