پی ایم ڈی سی نے نجی کالجز کی رجسٹریشن کیلئے 5 کروڑ روپے بطور رشوت مختص کئے: ممبر
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں پی ایم ڈی سی کے ممبر کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل کالجز کی رجسٹریشن کیلئے پانچ کروڑ روپے بطور رشوت مختص کئے گئے تھے‘ ان کالجز میں تعلیم کا معیار صفر تھا‘ دس کروڑ میں ایک امتحان بیچا گیا‘ عمر رسیدہ ڈاکٹروں سے نئی رجسٹریشن کے نام پر رشوت مانگی گئی‘ کالجوں کا بازار کھل گیا ہے‘ نجی کالجوں میں بیس لاکھ روپے رشوت لیکر داخلہ دیا جاتا رہا اور یہ سب کچھ ہدیہ کے نام پر ہورہا ہے اس کی بدبو نے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس چیئرمین خالد حسین مگسی کی صدارت میں ہوا اجلاس میں وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ سمیت سیکرٹری صحت اور پی ایم ڈی سی کے ممبران نے شرکت کی اجلاس میں ممبر کمیٹی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی پی ایم ڈی سی کے ممبران پر برس پڑے۔