• news

ٹائر پھٹنے سے وین اور کیری ڈبہ میں ٹکر 2 بھائیوں سمیت 8 جاں بحق

مانگا منڈی + شیخوپورہ+خانقاہ ڈوگراں+لاہور (نامہ نگاران + آئی این پی + آن لائن‘ نوائے وقت نیوز+ خصوصی رپورٹر) مانگامنڈی‘ خانقاہ ڈوگراں میں ٹریفک حادثات‘ 2 بھائیوں اور کمسن بچی سمیت 11 افراد جاں بحق‘ 18 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے قریب ملتان روڈ پر دو مختلف حادثات میں 9افراد جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے ۔ پہلا حادثہ ملتان روڈ اوریگا کیمیکل فیکٹری کے قریب پیش آیا۔ اسی فیکٹری کی وین نمبر LES 5455 اپنے ملازمین کو لاہور سے فیکٹری لا رہی تھی جب وین فیکٹری سے چند فاصلے پر پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث اس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ قلا بازیاں کھاتی ہوئی دوسری سٹرک پر آگئی اور پاکپتن سے لاہور جانیوالا کیری ڈبہ نمبر LE 4545 سے ٹکرا گئی وین میں سوار رب نواز، علی اعجاز موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ فیصل اشرف ، قیصر اشرف، عامر حسین اور وین ڈرائیور منشاء شدید زخمی ہو گئے اور بعد ازاں جناح ہسپتال لاہور میں پہنچ کر جاں بحق ہو گئے جبکہ کیری ڈبہ میں سوار امجد پرویز اور محمد عارف موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ اس حادثہ کے نتیجے میں محمد عثمان ،محسن، عامر ، حمیرہ بی بی وغیرہ شدید زخمی ہو گئے اطلاع ملتے ہی 1122والوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا اور فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور پہنچا دیا گیا کیر ی ڈبہ اور فیکٹری وین دونوں تباہ ہو گئے جبکہ دوسرا حادثہ مانگا منڈی بائی پاس پر پیش آیا تیز رفتار ٹرک لاہور سے اوکاڑہ جا رہا تھا مانگا منڈی بائی پاس پر اس کا اچانک ٹائر پھٹ گیا اور سڑک کنارے جاتے ہوئے 35سالہ عمر فاروق کو کچل ڈالا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں کیری ڈبہ میں سوار داماد عامر اسلم اور سسر فقیر محمد جبکہ ویگن میں سوار دونوں سگے بھائی فیصل اور قیصر بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والی فیملی شامکے بھٹیاں میں گائوں مڑا بھگواں کے رہائشی تھے۔ دوسرا حادثہ شیخوپورہ کے قریب سرگودھا روڈ پر پیش آیا جہاں بس اور وین کے تصادم میں کمسن بچی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہو گئے۔ خانقاہ ڈوگراں سے ویگن شیخوپورہ جا رہی تھی سالار بھٹیاں کے قریب سامنے سے آتی ہوئی بس سے ٹکرا گئی چھ سالہ بچی اور ساٹھ سالہ نذر عباس موقع پر دم توڑ گئے اصغر یحیٰ احمد علی، فائزہ، زاہد اور فرزانہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔لاہور سے این این آئی کے مطابق ملتان روڈ پر حادثے میں ماں اور بیٹی کے سہاگ بھی اجڑ گئے۔ جاں بحق افراد میں ایک ماہ قبل دولہا بننے والا عامر اور اس کا سسر فقیر محمد بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مانگامنڈی کے قریب ملتان روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹیکسلا سے آئی این پی کے مطابق سنگجانی کے قریب مسافر وین الٹنے سے تین افراد ہلاک‘ سات زخمی ہوگئے۔وین راولپنڈی سے اٹک جا رہی تھی۔ حادثہ گاڑی کے پھسلنے کے باعث پیش آیا۔ وین سوارافراد میں سے تین موقع پر ہلاک ہو گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جبکہ دیگر ہلاک ہونے والے افراد میں گلستان علی‘ تور خان شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن