حافظ آباد: تنازعہ شدت اختیار کر گیا، وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ، ریٹرننگ افسروں، ایپکا کی ہڑتال
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ریٹرننگ آفیسر اور وکلاء کے مابین ہونیوالا جھگڑا شدت اختیار کر گیا وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ ضلع بھر کے ریٹرننگ آفیسروں نے ہڑتال کرکے کام بند کر دیا جبکہ ضلع بھر کے سرکاری ملازمین نے تیسرے روز بھی ہڑتال کرکے دھرنا دیا ریلی نکالی۔ تفصیل کے مطابق منگل کے روز ریٹرننگ آفیسر چودھری اللہ دتہ وڑائچ اور وکلاء کے مابین ہونے والے جھگڑے کے بعد وکلاء کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ کے اندراج، وکلاء کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کیخلاف گزشتہ روز پنجاب بار کونسل کی کال پر حافظ آباد سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کی تمام بار کونسلز نے ہڑتال کی عدالتی بائیکاٹ کیا جبکہ حافظ آباد میں سیکرٹری بار امان اللہ سندھو، سابق صدر بار رانا اکبر علی کی قیادت میں وکلاء نے مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی، ضلعی انتظامیہ اور ریٹرننگ آفسران کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ریٹرننگ آفیسر اللہ دتہ وڑائچ کو فوری معطل کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈی سی او کو فوری تبدیل اور پولیس افسران واہلکاروں کیخلاف مقدمات درج اور وکلاء کے خلاف درج بے بنیاد مقدمہ خارج کیا جائے۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے تمام دفاتر میں چودھری اللہ دتہ وڑائچ کے حق میں تیسرے روز بھی تالہ بندی، ہڑتال رہی جبکہ ایپکا نے ضلعی صدر نصر اللہ ہنجرا اور دیگر عہدیداران کی قیادت میں احتجاجی ریلی بھی نکالی اور ڈی سی او آفس کے سامنے دھرنا دیا دوسری طرف ریٹرنگ آفیسر اللہ دتہ وڑائچ سے بد سلوکی اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر ضلع بھر کے ریٹرنگ آفیسرز نے ہڑتال کرتے ہوئے کام بند کر دیا۔ریٹرنگ آفیسرز نے صوبائی اور وفاقی الیکشن کمشنرز کو پانچ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈز بھجوا دیئے۔ حافظ آباد میں دو روز قبل تحریک انصاف کے اُمیدواروں اور حامیوں کی جانب سے ریٹرنگ آفیسر اللہ دتہ وڑائچ سے اُن کے دفتر میں بد سلوکی ، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری ریکارڈ پھاڑنے پر سرکاری ملازمین کے بعد ضلع بھر کے ریٹرنگ افسران نے بھی ہڑتال کرتے ہوئے کام بند کر دیا۔اس سلسلہ میں تمام12 ریٹرنگ افسران اللہ دتہ وڑائچ،عمر فاروق وڑائچ، افتخار نواز ورک، منظور حسین، محمد عرفان گوندل،محمد نواز گوہر، عبد الغفور، حیدر علی چٹھہ، رانا محمد الیاس، شبیر احمد کلیار، جواد حسین اور رانا ظفرا للہ نے ایک اجلاس میں متفقہ طور پر صوبائی اور وفاقی الیکشن کمشنرز کو پانچ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈز ارسال کر دیئے ۔آر اوز نے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرنگ آفیسر اللہ دتہ وڑائچ سے بد سلوکی اور کار سرکار میں مداخلت کرنے والے پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کو تاحیات نا اہل قرار دیا جائے، واقعہ میں ملوث پی ٹی آئی کے اُمیدواروں سمیت تمام ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں، ضلع بھر کے تمام پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا جائے ، ملٹری اور پیرا ملٹری فورسز کو پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کیا جائے۔