نیب نے تمام شکایات کو عدالت بھجوانے کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کردیا
اسلام آباد(این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) میں مقدمات کو شکایات سے لیکر احتساب عدالت میں بھیجنے تک کے لئے زیادہ سے زیادہ دس ماہ کا عرصہ مقرر کردیا گیا ہے اور چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے تمام علاقائی بیوروز مزید ہوشیاری اور تندہی سے کام کریں تاکہ ملک بھر سے کرپشن کا خاتمہ اور ادارہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ چیئرمین قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے بلایا گیا اجلاس گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ چیئرمین نے تمام علاقائی بیوروز کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کے سینئر ممبر نے کہا نیب کے ہر علاقائی بیورو کی کارکردگی کا درجہ بندی نظام کی بنیاد پر انڈیکس کا جائزہ لیا گیا جس کی گزشتہ سال منظوری دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا چیئرمین نیب کی ہدایت پر معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے جس کے تحت کام کو نمٹانے کے لئے اوقات کا تعین کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قطعی عدم برداشت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مزید ہوشیاری اور تندہی سے کام کرنے کی ہدایت کی اور چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کے سینئر ممبر کو جزوی معیاری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر تمام علاقائی بیوروز کی سہ ماہی کارکردگی کے جائزہ کے نتائج انہیں بھیجنے کی ہدایت کی۔