• news

حج کیلئے خدام‘ رضاکار تعریفی اسناد‘ سرٹیفکیٹس کیلئے سرگرم

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) وزارت مذہبی امور کی بیورو کریسی کے ساتھ ملی بھگت کرکے خدام الحجاج اور رضا کار بن کر جانے والے این جی اوز کے کارکنوں نے وزارت مذہبی امور سے خدام الحجاج کے تعریفی سرٹیفکیٹس اور اسناد حاصل کرنے کے لیے لابنگ شروع کردی ہے تاکہ اگلے سال ایک بار پھر یہی لوگ خدام الحجاج یا رضا کار والینٹئر بن کر حج کے لیے حجاز مقدس جا سکیں ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے ہر سال پانچ سو افراد کو خدام الحجاج اور والینٹئر کے طور پر حجاز مقدس بھیجا جاتا ہے اس میں کچھ تعداد سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کی لی جاتی ہے اور نصف تعداد یہاں پاکستان سے بھجوائی جاتی ہے اور پاکستان سے جانے والے افراد با قاعدہ لابنگ کرکے اپنا نام شامل کرا لیتے ہیں اس کی آڑ میں گزشتہ کئی سالوں سے یہ مشق رہی ہے کہ حاجیوں کی تربیت کے مقصد کے نام پر بنائی جانے والی این جی اوز کے کارکن اصل میں حج کرنے کی غرض سے ہی حجاز مقدس جاتے ہیں کیونکہ انہیں وزارت کی جانب سے رہائش مفت مل جاتی ہے اور کرایہ اور کھانا یہ خود اپنے بندوبست سے کرتے ہیں یہ پیشہ ور خدام اور والینٹئرز مکہ اور مدینہ میں موجود اپنے عزیزوں یا دوستوں کے ذریعے ڈائریکٹر حج سے بھی اپنے لیے سفارشیں کرا لیتے ہیں اور اس طرح یہ افراد ہر سال خدام یا والینٹئر بن کر حجاز مقدس جاتے ہیںاور حجاز مقدس میں مناسک حج کے ایام مکمل کرکے باقاعدہ حج کرتے ہیں اور ہفتہ یا دس دن گزار کر واپس آجاتے ہیں اور یہ افراد ہر سال ملی بھگت کرکے وزارت مذھبی امور کے حکام سے بطور خدام یا والینٹئر کام کرنے کے ثبوت کے لیے تعریفی سرٹیفیکیٹس اور اسناد بھی حاصل کرتے ہیں اور یہ اسناد پھر اگلے سال حج پر جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں ان لوگوں کی جانب سے تعریفی اسناد کے حصول کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں اور جس کی جتنی بڑی سفارش ہوگی اسی نسبت اسے تعریفی سند بھی مل جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن