نواز شریف نے وزراء کو رانا ثناء کی حمایت میں بیان دینے سے روک دیا: آن لائن کا دعویٰ
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی حمایت میں وفاقی کابینہ کے ارکان کو بیان دینے سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ مجرم کے بیان کو جب قانونی تحفظ حاصل ہے تو اس پر حمایت نہ کی جائے۔ آن لائن نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو قریبی حلقوں نے مشورہ دیا ہے کہ صرف پارٹی یا پرانی دوستی کو ملحوظ خاطر نہ رکھا جائے، رانا ثناء اللہ کے خلاف بیان قتل کے مجرم نے دیا ہے اگر اسے قانونی تحفظ حاصل ہے تو صوبائی وزیر کے تحفظ میں بیان نہ دیا جائے تاکہ پارٹی اور حکومت کا گراف عام شہری کی نظر میں بلند ہو۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی صورت صوبائی وزیر کے حق میں بیان نہ دیں تاکہ یہ تاثر نہ جائے کہ حکومت مقدمہ پر اثر انداز ہو رہی ہے۔