• news

ہائیکورٹ نے میڈیا کو پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج نشر کرنیکی اجازت دیدی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیا کو بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نشر کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج نشر کرسکتا ہے۔ نتائج کے ساتھ یہ بات بھی بار بار نشر کی جائے کہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج ہیں۔ فاضل عدالت نے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ نتائج نشر کرتے ہوئے سنسنی خیزی پھیلانے سے احتیاط کی جائے۔ فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا میڈیا پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔ پاکستان کے صحافی انتہائی ذمہ دار ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمشن کی جانب سے فاضل عدالت کو بتایاگیا کہ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد ہی نتائج جاری کرنا شروع کردیتا ہے جبکہ اس وقت ووٹوں کی گنتی مکمل نہیں ہوئی ہوتی۔ نتائج نشر ہونے پر اکثر امیدوار اور ان کے سپورٹر اپنا ذہن بنا لیتے ہیں لیکن بعد میں متعدد ووٹ مسترد ہونے سے رزلٹ تبدیل بھی ہو جاتا ہے۔ اس پابندی کا مقصد یہ تھا کہ امیدواروں میں تصادم نہ ہو۔ مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان نے ریمارکس دئیے کہ میڈیا پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن