بھارت: مسلمان خاتون کی نعش قبر سے نکال کر اجتماعی زیادتی
نئی دہلی (آئی این پی) تمام مذاہب کو تحفظ دینے اور دنیا کے سب سے بڑے سیکولر ملک ہونے کے دعویدار بھارت کا ایک بھیانک اور مکروہ چہرہ سامنے آگیا، اس اندوہناک واقعے سے انسانیت کا بھی سر شرم سے جھک گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میرٹھ اور غازی آباد کے درمیان واقع گاؤں تلہتا میں ایک شرمناک اور انتہائی انسانیت سوز حرکت سامنے آئی ہے۔ انڈین امریکن مسلم کونسل کی جانب سے اس اندوہناک واقعے پر دنیا کو متوجہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تلہتا گاؤں میں ایک قبر سے ایک عورت کی لاش نکال کر اس سے اجتماعی زیادتی کی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک مسلمان خاتون دوران زچگی مر گئی تھی۔ اسے جہاں دفن کیا گیا اس سے 20 میٹر دور اس کی نعش پائی گئی اس کے جسم پر کوئی کپڑا نہیں تھا۔ انڈین امریکن کونسل کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن یوگی آدتیا ناتھ نے ایک شدت پسند ہندو اجتماع میں کہا تھا کہ مسلمان عورتوں کی آبروریزی کی جائے اسی لئے 26 سالہ مردہ مسلمان خاتون کی نعش کو قبر سے کھود کر نکالا گیا اور تین آدمیوں نے اس سے زیادتی کی۔