سبط الحسن عرف ڈبل شاہ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال
لاہور+گوجرانوالہ + وزیر آباد (نمائندہ خصوصی سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) لوگوں سے وصول کی گئی رقم دگنی واپس کرنے والے سکینڈل سے ملک گیر شہرت پانے والے سید سبط الحسن عرف ڈبل شاہ گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ بتایاگیا ہے کہ گوجرانوالہ سمیت ملکی تاریخ کے میگا مالیاتی سکینڈل سے ملک گیر شہرت پانے والا سبط الحسن شاہ المعروف ڈبل شاہ گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ ڈبل شاہ کے نام سے مشہور سبط الحسن شاہ ایک سکول ٹیچر تھاجو زیادہ ترنوکری سے چھٹیوں پررہا اور چند سال قبل اس نے وزیرآباد‘ الہ آباد‘ نظام آباد اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو پیسے ڈبل کرکے دینے کا کام شروع کیا شروع میں اس کا یہ کاروبار نزدیکی علاقوں تک محدود رہا جس کے دوران لوگوں نے اپنا زیور‘ گاڑیاں‘ مکان تک بیچ کر ڈبل شاہ کے پاس پیسے جمع کروائے اور اس سے ایک ماہ کے بعد ڈبل وصول کرتے رہے جبکہ ڈبل شاہ کی ساکھ مضبوط ہونے کے بعدگوجرانوالہ سمیت دیگر نزدیک دورکے شہروں سے بھی بڑی بڑی پارٹیوں نے اس کے پاس کروڑوں کے حساب سے روپے جمع کروائے اور ڈبل وصول کیے۔ جوں جوں ڈبل شاہ کی ساکھ مضبوط ہوتی گئی اس کے پاس سرمایہ بھی بڑھتا گیا بتایاگیا ہے کہ لوگوں نے علاقائی بنکوں سے اپنی تمام رقوم نکلوا کرڈبل شاہ کے پاس جمع کروا دی جبکہ ڈبل شاہ نے اندرون وبیرون ممالک پراپرٹیز‘ اثاثہ جات بنائے تاہم ایک ماہ کی سرمایہ کاری کے بعد دوگنی رقم کرکے دینے پر حساس اداروں نے بھی تحقیقات کا آغاز کیا جس کے بعد اعلی احکامات کے تحت مبینہ طورپر ڈبل شاہ جوکہ لوگوں کا جمع شدہ سرمایہ سمیٹ کر بیرون ملک فرار ہونے کا پروگرام بنا رہا تھا کی روانگی سے دو تین روز قبل اس کے گھر وزیرآباد چھاپہ مارا جہاں سے خطیر رقم برآمد ہوئی۔ ڈبل شاہ کی گرفتاری کے بعد لوگوں کے ایک بڑی تعداد اپنی رقوم ڈوب جانے کے ڈر سے سراپا احتجاج بن گئے‘ علاقہ کئی روز تک میدان جنگ بنا رہا۔ نیب نے ڈبل شاہ کو اپنی حراست میں لے لیا اور ڈبل شاہ کے تمام ریکارڈ کی چھان بین کی ڈبل شاہ کی طرف سے لوگوں سے وصول شدہ رقوم کی واپسی کی آفر پرعوام کی ایک بڑی تعداد کو ان کی رقوم واپس کی گئیں جبکہ ڈبل وصول کرنے والوں سے بھی ریکوریاں کی گئیں۔ گزشتہ روز سبط الحسن المعروف ’’ڈبل شاہ ‘‘کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ڈبل شاہ کو ان کے آبائی قبرستان موضع کوہلو تحصیل سمبڑیال میں سپرد خاک کردیا گیا ہے، مرحوم کی نماز جنازہ میں ڈویژن بھر سے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ سبط الحسن المعروف ’’ڈبل شاہ ‘‘کی فوتگی کی خبر علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور تقریباً10سال قبل اپنی بھاری رقم سمیت جمع پونجی لٹانے والوں کے زخم پھر سے ہرے ہوگئے۔ صباح نیوز کے مطابق ڈبل شاہ کے خاندان کا کہنا ہے کہ سبط الحسن گزشتہ ایک ہفتے سے کسی کے رابطے میں نہیں تھے اور گزشتہ رات گئے نامعلوم شخص نے ٹیلی فون کال پر اطلاع دی کہ ڈبل شاہ عارضہ قلب کے باعث پی آئی سی میں زیرعلاج تھے اور ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی جب کہ خاندان کو کہا گیا کہ وہ ان کی نعش آکر لے جائیں۔ ڈبل شاہ کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نیب سے ڈیل کے بعد مستقل طور پر وزیرآباد سے لاہور منتقل ہوگئے تھے اور اس سے قبل بھی انہیں 6 سے 7 مرتبہ اغوا کیا گیا تھا اور یہی خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اب بھی انہیں گرفتار ہی کیا گیا ہے لیکن ان کی ہلاکت کی اطلاع آئی ہے۔