• news

سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور جوا ب دیں گے، مل کر ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا: آرمی چیف

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت اور خود مختاری کو خطرہ ہوا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ پاکستان کا ردعمل بہت سخت ہو گا۔ دونوں ممالک میں تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں‘ دونوں ملک مل کر انشاء اللہ ہر قسم کی دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے‘ سعودی عرب کے جغرافیائی اور نظریاتی نظریہ پر پاکستان ساتھ کھڑا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی ٹریننگ سنٹر پبی کا دورہ کیا اور پاکستان سعودی مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الشہاب مشقوں کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ ان مشقوں سے دونوں ممالک کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں بارآور ہوں گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ اس موقع پر سعودی سپیشل فورسز کے کمانڈر جنرل مفلح بن سلیم القطیبی کی سربراہی میں چھ رکنی سعودی فوجی وفد بھی موجود تھا۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوجی مشقیں دیکھنے کیلئے پہنچے تو لیفٹینٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انکا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا الشہاب مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں بارآور ہوں گی۔ یہ مشقیں دہشت گردی کے حوالے سے کی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کو ایک جیسی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ ان مشقوں کے ذریعے سے جوانوں میں مزید جذبہ پیدا ہو جائے گا۔ الشہاب مشقوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کی سپیشل آپریشنل فورسز نے انسداد دہشت گردی کی تربیت پر توجہ مرکوز رکھیں جس میں گھیرائو کر کے تلاشی کے آپریشنز، ائر ڈراپنگ، ہیلی لفٹنگ کی تربیت شامل تھی جس کا مقصد دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کو موثر بنانا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات انتہائی گہرے تعاون کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشقیں دونوں ممالک کی دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں۔ انشاء اللہ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کو شکست دے کر رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن