وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن)، زرداری بلاول نے پیپلز پارٹی فضل الرحمن نے جے یو آئی، رابطہ کمیٹی نے متحدہ کے ارکان کو عمران ، ریحام طلاق پر تبصرے سے روکدیا
لاہور، کراچی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزراء اور مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو عمران خان، ریحام خان کی طلاق پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے منع کردیا ہے۔ رانا ثناء کی طرف سے بیان پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے وضاحت طلب کرنے کا کہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو عمران خان، ریحام خان معاملے پر تبصروں سے روک دیا۔ زرداری نے کہا کہ طلاق ان کا ذاتی معاملہ ہے اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ بلاول نے پارٹی رہنمائوں کے عمران ریحام طلاق پر تبصروں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ عمران اور ریحام طلاق پر کوئی تبصرہ نہ کریں اور بیان بازی سے گریز کریں۔ ادھر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے نصرت جاوید نے بھی کہا ہے کہ علیحدگی دونوں کا ذاتی مسئلہ ہے اس پر پارٹی کا کوئی رہنما بیان بازی نہیں کریگا۔