• news

حافظ آباد: پی ٹی آئی کارکنوں کی ریٹرننگ افسر سے بدسلوکی، آر اوز کی دوسرے روز بھی ہڑتال

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر سے بدسلوکی کے واقعہ کے خلاف ضلع بھر کے آر اوز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں سمیت دیگر ماتحت عملہ نے بھی کام بند کر دیا جبکہ عدم تحفظ کے شکار ملازمین نے انتخابی ڈیوٹیاں نہ دینے کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کے امیدواروں اور کارکنوں کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر اللہ دتہ وڑائچ سے بد سلوکی ،کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری ریکارڈ پھاڑنے پر ضلع بھر کے ملازمین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، مختلف محکموں کے ملازمین اور ایپکا یونین کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، ضلع بھر کے ریٹرننگ افسران، اے آر اوز سمیت دیگر ماتحت عملہ نے ہڑتال کر دی۔ واقعہ کے خلاف ملازمین اور ایپکا یونین نے بھی احتجاج کرتے ہوئے ریلی نکالی اور نعرہ بازی کی۔ ایپکا رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ناروا رویہ پر ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہیں الیکشن کمیشن انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کرے۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ بار نے گذشتہ روز بھی ضلع انتظامیہ کے مبینہ ناروا رویہ اور وکلاء کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرانے کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کرتے ہوئے ہڑتال کی۔ اس موقع پر وکلاء کی جانب سے ڈی سی او کی جانبداری کی مذمت بھی کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن