• news

جمہوریت ہمارا مستقبل، بلدیاتی ادارے اہم سنگ میل ثابت ہونگے: نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جمہوریت ہمارا مستقبل ہے، جمہوری اقدار کی پاسداری کے ذریعے ہی ترقی اور خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔ لاہور میں بلدیاتی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد جاری بیان میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جمہوریت پر مکمل یقین رکھتا ہوں، بلدیاتی ادارے جمہوریت کے مزید استحکام کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔ پاکستان کا قیام جمہوری عمل کے ذریعے ہوا۔ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت آئین اور قانون پر یقین کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے یوسی 70 سرائے سلطان میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوںنے افسر کو شناختی کارڈ چیک کرایا، پھر انگوٹھے پر سیاہی لگوا کر ووٹ پر نشان لگایا۔ ووٹر لسٹ میںنوازشریف کا نام درج تھا،عام ووٹروں کی طرح انہیں ووٹ ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر کارکنوں نے ’’شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے بلند کر دیئے وزیراعظم نے ہاتھ ہلاکر کارکنوں کے نعروں کا جوابدیا۔ دوسری جانبوزیراعظم کی آمدکے موقع پرسکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ان کی آمد سے آدھ گھنٹہ قبل تک پولنگ معطل رہی جبکہ تحر یک انصاف کے کارکنوں نے پولنگ سٹیشن بند کرانے پر شدید احتجاج اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ پو لیس کی جانب سے اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن