• news

یوسف رضا گیلانی کیخلاف فراڈ کیس‘ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت کی برہمی

اسلام آباد (اے پی پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف 64 کروڑ روپے فراڈ کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر 2011ء میں مقدمہ درج کر کے بیانات بھی قلمبند کئے جا چکے ہیں ، سائل کے وکیل کی درخواست پر مقدمہ احتساب عدالت منتقل ہوا۔ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے انسپکٹر کی سرزنش کی اور ریمارکس دئیے کہ آپکو یہاں دعوت پر بلایا ہے نہ آپ یہاں گھومنے آئے ہیں۔ پرویز حسن نامی شہری کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف 64 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر میمن نے کی۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ سائل کے قلمبند کئے گئے بیانات کہاں ہیں تو ایف آئی اے کے انسپکٹر عرفان برنی نے تسلی بخش جواب نہ دیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ مقدمے کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن