شاہ پورصدر : انتخابی پوسٹر لگانے پر مخالفین کی فائرنگ سے 3 افراد جاںبحق3 زخمی
شاہ پور صدر (نامہ نگار) بلدیاتی انتخابات کے پوسٹر لگانے کی رنجش پر فائرنگ کرکے مخالف گروپ کے 3 افراد کو قتل اور 3 کو زخمی کردیا۔ تفصیل کے مطابق نواحی قصبہ اچھر میں بخشا اچھر اور اشرف گروپوں میں عرصہ سے قتلوں کی دشمنی چلی آرہی ہے۔ گزشتہ روز انتخابی پوسٹر لگانے پر دونوں گروپوں کے افراد میں تلخ کلامی ہوگئی جس کے نتیجے میں بخشا گروپ کے مسلح افراد نے مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اشرف گروپ کا اشرف، محمد شیر اور طاہر موقع پر جاں بحق جبکہ اسی گروپ کے 3 افراد خادم، مبشر اور سجاد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہسپتال شاہ پور صدر میں ابتدائی طبی اقدار کے بعد تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال سرگودھا ریفر کردیا گیا۔ پولیس تھانہ شاہ پور صدر موقع پر پہنچ گئی اور مقتولین کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔علاوہ ازیں سٹاف رپورٹر کے مطابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ سرگودھا میں ہونے والی ہلاکتوں کا تعلق قطعی طور پر لوکل باڈیز الیکشن کے ساتھ نہیں ہے۔ ڈی پی او سرگودھا کی رپورٹ کے مطابق یہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے پولیس اس سلسلے میں تفتیش کر رہی ہے۔