• news

حوصلے بند‘ مقابلہ ٹف ہو گا: مصباح‘ یاسر شاہ خطرناک ہونگے: کک

شارجہ (سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ شارجہ ٹیسٹ سے قبل اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے والے تھے لیکن اب ان کا خیال ہے کہ اس سیریز کے بعد انھیں سوچنے کے لیے کافی وقت ملا ہے لہذا اس مرحلے پر وہ کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔پوری کوشش ہوگی کہ تیسرے ٹیسٹ میں مثبت سوچ کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے میچ جیتا جائے۔ دبئی ٹیسٹ کی جیت سے یقیناً ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور اسی سپرٹ کے ساتھ یہ میچ بھی کھیلیں گے۔ تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ سے سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔ انگلش ٹیم آسانی سے سیریز نہیں جیتنے دے گی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مقابلے میں زیادہ سخت جاں حریف ثابت ہوئی ہے۔شارجہ کی چونکہ نئی وکٹ ہے لہذا اس کے بارے میں کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی تاہم یہ ایسی وکٹ نہیں جس پر تین ریگولر سپنرز کھلائے جائیں۔ پاکستانی ٹیم میں مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، محمد حفیظ، شعیب ملک، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علی ہوسکتے ہیں ۔انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک نے کہا ہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن کے ساتھ ان کے تنازعہ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا تھا اور آج کل ان کیساتھ اچھے تعلقات ہیں۔وارن نے عادل کے ساتھ ٹریننگ کی جس سے نوجوان سپنر کو مستقبل میں فائدہ ہوگا۔ کک نے اپنے ٹیم کوخبر دار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحد ہ عرب امارات کے تینوں میدانوں میں شاند ار ریکارڈ رکھتا ہے۔ اس لئے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم اسی طرح سے کھیلتے رہے جس طرح ہم کھیلتے ہیں تو ہمیں اچھے نتائج ملیں گے۔کک نے یاسر شاہ کو اپنی ٹیم کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن