پاکستان میں سکیورٹی بہتر، غیر ملکی ٹیمیں دورہ کریں : ظہیر عباس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کے حالات کافی بہتر ہو رہے ہیں اب غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان میں جا کر کھیلنا چاہیے۔ کسی بھی ٹیم کے دورہ پاکستان کا انحصار دونوں کرکٹ بورڈ کے درمیان باہمی اتفاق رائے پر ہے۔ آئی سی سی کسی ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے مجبور نہیں کر سکتی ہے۔ لاہور میں یونی کورن کے نام سے شروع ہونے والی آرٹ گیلری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ اگر مصباح الحق سمجھتے ہیں کہ وہ فٹ ہیں اور کھیل سکتے ہیں تو انہیں کھیلنا چاہیے۔ ہر کھلاڑی کو ایک وقت ریٹائر ہونا ہوتا ہے جس کا فیصلہ اس نے خود کرنا ہوتا ہے۔ یونس خان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی نے کرنا ہے۔ ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ پنک بال کا نیا تجربہ ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ اپنی اہمیت بنا لے گا۔ کیری پیکر کے دور میں جب سفید بال کے سال کرکٹ شروع ہوئی تھی تو وہ آج مقبول ہو چکی ہے۔ آئی سی سی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد دونوں کرکٹ بورڈز اور حکومتوں کا معاملہ ہے۔ آئی سی سی کسی ٹیم کو مجبور نہیں کر سکتی کہ وہ کسی دوسری ٹیم کے ساتھ کھیلے۔ پاکستان میں سیکورٹی کے معاملات ٹھیک ہو رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل یہاں پر ہوگی۔