• news

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات‘ ڈپٹی کمشنر نے 5 اداروں سے گاڑیاں طلب کر لیں

اسلام آباد (وقائع نگار + این این آئی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انتخابی عملے کیلئے پانچ اداروں سے گاڑیاں طلب کر لیں۔ گاڑیاں فراہم نہ کرنیوالے اداروں کی گاڑیاں ضبط کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاق میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے موقع پر انتخابی عملے کیلئے پانچ اداروں سے ٹرانسپورٹ طلب کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)‘ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے)‘ کیپٹل ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) اور وزارت آئل اینڈ گیس کے حکام کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ وہ 30 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے عملے کو گاڑیاں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے اپنے نامزد امیدواروںکو پارٹی ٹکٹ 9 نومبر تک جاری کر دیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تمام ایسی رجسٹرڈ جماعتیں جنہوں نے اپنے اثاثہ جات کی سالانہ تفصیلات جمع کروائیں کو باقاعدہ خط لکھا گیا۔ کمشن کے ترجمان کے مطابق امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ انتخابی نشان کے حصول کیلئے اپنا ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کو پیش کریں۔ اسکے بعد ہی انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ سیاسی جماعتوں کے جن امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے وہ واپس نہیں ہوسکیںگے۔

ای پیپر-دی نیشن