’’تبدیلی‘‘ خیبر پی کے میں وزراء بیورو کریسی کی سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر 24 کروڑ روپے خرچ
ڈیرہ اسماعیل خان (اے این این) وزیراعلیٰ اور گورنر ہائوسز کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پی کے میں وزراء اور بیوروکریٹس کے محلات نما سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر 24 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔ کفایت شعاری کی پالیسیوں کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت کے ایک سابق وزیر صحت نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر 2 کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ کئے۔ گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران تبدیلی آئے گی نہیں بلکہ آگئی ہے کے نعرے پر عمل ہوا۔ تعمیرو ترقی کے منصوبوں کو نظرانداز کرکے 24 کروڑ کی خطیر رقم رہائش گاہوں کی تزئین پرخرچ کی گئی۔ مشیر اور معاونین خصوصی بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ ان کے سرکاری بنگلوں اور کوارٹرز کی تزئین و آرائش پر بھی صوبائی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے۔